گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے مطالبہ کیا ہے کہ جیسے اسٹیڈیم بنائے ویسی ٹیم بھی بناتے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کی ناقص کارکردگی اور بھارت کے خلاف میچ میں تمام ہی شعبوں میں ناکام رہ جانے پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی بیان جاری کردیا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کہتے ہیں کہ چیئرمین پی سی بی نے جیسے اسٹیڈیم بنائے ویسی ٹیم بھی بناتے، پاکستان ٹیم کا اگلےمرحلےمیں جانا مشکل ہوگیا ہے، ایک بار اعلیٰ ترین معیار اپنا کر ٹیم بنالی تو شائقین کبھی مایوس نہیں ہوں گے۔
دبئی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم 49 اعشاریہ 4 اوورز میں 241 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی، جواب میں 242 رنز کا ہدف بھارت نے 43 اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کی نیوزی لینڈ اور پھر روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد اگر مگر کی کہانی شروع ہوگئی، نیوزی لینڈ ٹیم بنگلہ دیش اور بھارت کے ہاتھوں بھاری مارجن سے ہارے اور پاکستان ٹیم اپنے آخری گروپ میچ میں بنگلہ دیش کو بھاری مارجن سے شکست دے تو اس طرح پاکستان سیمی فائنل مرحلے میں پہنچ سکتا ہے جو بظاہر ایک ناممکن ٹاسک ہے۔
نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کی ٹیمیں آج راولپنڈی میں مد مقابل ہوں گی، اگر نیوزی لینڈ نے میچ جیت لیا یا میچ واش آؤٹ ہوا تو پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائے گا۔