قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہاہے کہ ہم نے ٹاس جیتا تھا لیکن ہم اس سے فائدہ نہیں اٹھا سکے ، ہم 280 رنز بنانا چاہتے تھے لیکن بھارت کے بولرز نے مڈل اوورز میں بہت اچھی کارکردگی دکھائی۔
تفصیلات کے مطابق محمد رضوان کا کہناتھا کہ جب سعود اور میں بیٹنگ کر رہے تھے، تو ہم نے گہرائی تک کھیلنے کا ارادہ کیا تھا لیکن ہماری شاٹ سلیکشن اچھی نہیں تھی، اور ہم نے وکٹیں گنوا دیں، جس کی وجہ سے ہم صرف 240 تک ہی محدود رہے۔ ابرار نے ہمیں وکٹ دلوائی، لیکن کوہلی اور شبمن گل نے بہت اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے میچ کو ہم سے دور کر دیا۔ ہمیں اپنی فیلڈنگ کو بہتر بنانا ہوگا۔ اس میچ میں ہم نے بہت سی غلطیاں کیں، جو بار بار ہو رہی ہیں۔ امید ہے کہ ہم آگے ان پر کام کریں گے۔