جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان وفد کے ہمراہ قطر پہنچ گئے جہاں انہوں نے حماس کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔
جے یو آئی کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں فلسطین کی تازہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
مولانا فضل الرحمان نے حماس رہنماؤں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ فلسطین ایک آزاد ریاست ہے اور اسرائیلی قبضے کی کسی صورت حمایت نہیں کی جا سکتی۔
حماس رہنما ابو عمر نے مولانا فضل الرحمان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام سمیت پوری امت مسلمہ سے گھروں کی تعمیر، خیموں کی فراہمی اور ادویات کے لیے تعاون کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام مشکل حالات سے گزر رہے ہیں اور اس مشکل وقت میں امت کا تعاون ان کے لیے بہت اہم ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے پاکستانی عوام سے کہا کہ وہ فلسطینیوں کے دکھ درد کو اپنا سمجھیں اور ان کی مدد کے لیے آگے بڑھیں۔