متحدہ عرب امارات نے وفاقی حکام کے لیے رمضان کے اوقات کار کا اعلان کر دیا۔
فیڈرل اتھارٹی فار گورنمنٹ ہیومن ریسورسز متحدہ عرب امارات نے وفاقی اداروں کے ملازمین کے لیے رمضان المبارک 2025 کے دوران سرکاری اوقات کار طے کرنے کا ایک سرکلر جاری کیا ہے۔
سرکلر کے مطابق وزارتوں اور وفاقی حکام کے سرکاری اوقات کار پیر سے جمعرات صبح 9 بجے سے دوپہر 2:30 بجے تک اور جمعہ کو صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک ہوں گے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ وزارتیں اور وفاقی حکام رمضان کے دوران اپنی مخصوص ضروریات کے مطابق اور روزانہ منظور شدہ کام کے اوقات کی حدود میں کام کریں۔
ماہرین فلکیات کے مطابق زیادہ تر اسلامی ممالک میں یکم مارچ بروز ہفتہ سے رمضان 2025 کا آغاز متوقع ہے۔
ابوظہبی میں قائم بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے بتایا کہ اسلامی ممالک جمعہ 28 فروری کو بابرکت مہینے کے آغاز کے موقع پر رمضان کا چاند دیکھیں گے۔
ماہرین فلکیات نے مزید کہا کہ عین فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر، ہفتہ 1 مارچ 2025 کو رمضان کا پہلا دن ہونے کی توقع ہے تاہم حتمی فیصلہ چاند نظر آنے کے بعد کیا جائے گا۔