پاکستان میں رواں برس پولیو کا تیسرا کیس سامنے آگیا، لاڑکانہ کے رہائشی بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ کراچی کی 27 حساس یونین کونسلز میں خصوصی پولیو مہم آج سے شروع ہوگئی۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو سندھ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 2025ء میں ملک کا تیسرا اور سندھ کا دوسرا پولیو کیس سامنے آیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل خیبر پختونخوا میں بھی ایک کیس رپورٹ ہوچکا ہے۔
سال 2024ء کے دوران کل 74 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے، ان میں سے 27 کیسز بلوچستان، 22 خیبر پختونخوا، 23 سندھ اور پنجاب اور اسلام آباد سے ایک ایک کیس سامنے آیا تھا۔
دوسری جانب کراچی کی 27 حساس یوسیز میں خصوصی پولیو مہم آج سے شروع ہوگئی ہے۔
انسداد پولیو مہم کا آغاز فتح محمد گبول ڈسپنسری، گجرو اور ضلع شرقی میں ہوا، ہائی رسک یونین کونسلز میں بچوں کی ویکسینیشن جاری ہے۔