انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ورلڈ کپ 2023 کے 25 ویں میچ میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد دفاعی چیمپئن انگلینڈ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔
انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں میگا ایونٹ کے 25 ویں میچ میں بنگلور میں مدمقابل تھیں، جہاں انگلش ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا اور انگلینڈ کی پوری ٹیم 156 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
سری لنکا نے 157 رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر 25.4 اوورز میں باآسانی پورا کرلیا اور میچ میں 8 وکٹوں سے فتح حاصل کرلی۔
سری لنکا کی جانب سے پاتھون نشانکا 77 اور سمارا وکرما 65 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، کوشال پریرا 4 اور کوشال مینڈس 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کی پوری ٹیم 33.2 اوورز میں محض 156 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
انگلش ٹیم کی جانب سے بین سٹوکس 43، جونی بیئرسٹو 30 اور ڈیوڈ میلان 28 رنز کی اننگ کھیل کر نمایاں رہے جبکہ معین علی نے 15 اور ڈیوڈ ویلی نے 14 رنز کی اننگ کھیلی۔
سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ایونٹ میں تمام ٹیمیں 5، 5 میچز کھیل چکی ہیں، دفاعی چیمپئن انگینڈ چوتھی شکست کے بعد سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا، انگلش ٹیم کا پوائنٹس ٹیبل پر 9واں نمبر ہے۔
بھارت 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ جنوبی افریقا 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور نیوزی لینڈ اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ رن ریٹ کی بنیاد پر تیسرے نمبر پر ہے، آسٹریلیا 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر براجمان ہے۔
سری لنکا انگلینڈ کو شکست دیکر 4 پوائنٹس حاصل کرچکا ہے تاہم رن ریٹ کی بنیاد پر آئی لینڈرز نے پاکستان سے 5ویں پوزیشن چھین لی، گرین شرٹس چھٹے اور افغانستان 7ویں نمبر پر ہے، بنگلہ دیش کا آٹھویں جبکہ نیدرلینڈز آخری پوزیشن پر ہے۔