خیبرپختونخوا کابینہ نے وزیراعلیٰ کے آبائی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے لئے دو ارب روپے کا خصوصی ترقیاتی پیکج منظورکرلیا جو تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچرکی تعمیرپر خرچ ہوگا ۔
خیبر پختونخوا کابینہ کا چوبیس واں اجلاس وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی صدارت سول سیکرٹریٹ پشاور میں ہوا۔ کابینہ نے صوبے کے اسکولوں میں اسمبلی میں تلاوت کلام پاک کے بعد درود شریف پڑھنےکے احکامات دئیے ۔
محکمہ بلدیات کے رولز میں تبدیلی کرکے اس کے جائیداد کی مارکیٹ ریٹ پر لیزدینے اور پبلک سروس کمشن کے پی ایم ایس امتحان میں امیدواروں کو ایک بارعمر کی حد میں پانچ سال چھوٹ دینے کی منظوری بھی دی گئی جبکہ پبلک سروس کمشن کو بغیر کسی وقفے ہر سال سی ایس ایس کی طرح پی ایم ایس امتحان کرانے کی ہدایت کی ۔
کابینہ نے بنوں اور سرائے نورنگ میں پینتیس کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر ،شمالی وزیرستان کے دہشت گردی سے متاثرہ افراد کے خشک راشن کے لئے پیتیس کروڑ نوے لاکھ روپے کی منظوری دی اور وفاق سے مطالبہ کیا کہ وہ متاثرین کی بحالی کے لئے فنڈز دے ۔
کابینہ نےصوبائی شاہراہوں پر ایکسل لوڈ کے نفاذ کی منظوری بھی دے دی ۔ کابینہ نے بیرون ملک جانے والے افراد کے کاغذات کی تصدیق کے لئے سہولت دینے کی صوبائی اسمبلی کی قرارداد وفاق کو بھیجنے کی منظوری بھی دی تاکہ وزرات خارجہ کے دفاتر ایبٹ آباد اور سوات میں کھولے جاسکیں ۔