سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا فاروق ستار کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہنا ہے کہ ایم کیو ایم رہنماء پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ پر الزامات سے قبل اپنی سیاہ تاریخ پر نظر ڈالیں، متحدہ نے ہمیشہ دوسروں کی میتوں کو اپنی سیاست کیلئے استعمال کیا، آفاق احمد کی گرفتاری قانون کے مطابق ہوئی، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔
اپنے ایک بیان میں پیپلزپارٹی رہنماء شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ فاروق ستار اور دیگر متحدہ لیڈران ذہن نشین کرلیں کہ الزامات سے ان کا قد اونچا نہیں ہونے والا، کراچی کے عوام دہائیوں تک متحدہ کی تشدد سے بھرپور دھونس والی سیاست کے رحم و کرم پر تھے، اب متحدہ کی دھونس نہیں چل پارہی تو عوام کو بھڑکا کر حادثات کی بنیاد پر فسادات کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا سندھ حکومت پر الزامات لگانے والے ماضی میں شہر کا امن اور ترقی تباہ و برباد کرنے میں ملوث رہے ہیں، متحدہ مگر مچھ کے آنسو بہانا بند کرے، سندھ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے جبکہ ایم کیو ایم انتشار پھیلانے میں مصروف ہے۔