اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اسرائیل کی حمایت میں پیش کی جانے والی امریکی قرارداد روس اورچین نے ویٹو کردی۔
غزہ کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں امریکا کی جانب سے اسرائیل کی حمایت میں قرارداد پیش کی گئی تاہم روس اور چین کی جانب سے ویٹو کئے جانے پر ناکام ہوگئی۔
امریکی قرارداد کی حمایت میں 10 ووٹ پڑے جبکہ متحدہ عرب امارات ( یواے ای ) نے مخالفت میں ووٹ دیا اور برازیل اور موزمبیق نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ ہی نہیں لیا۔
امریکا کی جانب سے پیش کی جانے والی قرارداد میں فلسطینیوں کی شہادت کی مذمت تک نہیں کی گئی۔
روسی مندوب نے قرارداد کی ناکامی کا ذمہ دارامریکا کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ قرارداد میں اسرائیلی حملوں کا جواز پیش کیا گیا، اسرائیل کو اپنے دفاع کے نام پر کھلی چھوٹ نہیں دی جا سکتی۔
روسی مندوب کا مزید کہنا تھا کہ امریکا سلامتی کونسل کے فیصلوں کو روکنے کی کوشش کررہا ہے۔
چینی مندوب نے کہا کہ جنگ بندی انسانی بنیادوں پر ہونی چاہیئے، سیاسی بنیادوں پر نہیں، غزہ میں بلا روک ٹوک امداد فراہمی کی اجازت ہونی چاہیئے۔
متحدہ عرب امارات کی جانب سے روس اور چین کے فیصلے کو سراہا گیا۔