اسلام آباد پولیس کے اینٹی کار لفنٹنگ سیل کی اہم کامیابی، وفاقی دارالحکومت سے چوری کی گئی 20 قیمتی گاڑیاں 10 دن کے اندر برآمد کرلی گئی، کار چور گینگ کے 9 کارندے بھی دھر لئے گئے، ایس ایس پی آپریشنز نے گاڑیوں کی چابیاں مالکان کے حوالے کردیں، چوری ہوئی گاڑیاں واپس ملنے پر مالکان خوشی سے نہال ہیں۔
شہر اقتدار کی پولیس نے انہونی کو ہونی کردیا، کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیاں چوری ہوگئی تھیں جو اینٹی کارلفنٹنگ سیل نے 10 دن میں برآمد کرلیں۔
پولیس نے کار چور گینگز کے 9 کارندوں کو بھی گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی آپریشنز شعیب خان نے پولیس کی کامیابی کا اعلان پریس کانفرنس میں کیا۔
ایس ایس پی آپریشنز نے برآمد کی گئی گاڑیاں مالکان کو واپس کیں تو ان کی خوشی دیدنی تھی، خوش قسمت شہریوں نے پولیس کی حیران کُن کارکردگی کو بھی سراہا۔
ایس ایس آپریشنز کا کہنا تھا کہ پولیس نے موٹرسائیکل چوری کرنے والے گینگز کا سراغ بھی لگا لیا، انہیں بھی بہت جلد مسروقہ موٹرسائیکلز سمیت گرفتار کرلیا جائے گا۔