تنازعات کے باعث مشہور مفتی قوی نے بھارتی رقاصہ و اداکارہ راکھی ساونت سے آج (14 فروری کو) شادی کرنے کا دعویٰ کردیا۔
مفتی قوی نے چند روز قبل بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کو شادی کی پیشکش کی تھی جسے اداکارہ نے قبول کرتے ہوئے مثبت ردِعمل دیا تھا اور اب دونوں کی شادی کی تاریخ منظر عام پر آگئی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مفتی قوی نے انکشاف کیا کہ میرا راکھی ساونت سے نکاح 14 فروری (آج) ہوگا، نکاح کی تاریخ راکھی کی مرضی کے مطابق ہی رکھی ہے۔
مفتی قوی کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد راکھی ساونت کا لباس مکمل اسلامی اور شریعت کے مطابق ہوگا۔ انہوں نے پروگرام کے میزبان کو بھی دعوت دی کہ آپ بھی میرے نکاح میں شرکت کریں اور گواہ بنیں۔
اس سے پہلے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مفتی قوی نے راکھی ساونت سے شادی کیلئے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور کہا تھا کہ اگر میری والدہ اجازت دیں گی تو میں بھارتی اداکارہ سے شادی کیلئے تیار ہوں۔
واضح رہے کہ راکھی ساونت نے مفتی قوی کی شادی کی پیشکش پر جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں تو کسی مولانا سے شادی کیلئے مر رہی ہوں، قوی صاحب آپ کے نام میں ہی قوی آتا ہے، میرے لیے ’کویتا‘ (شاعری) لکھیے۔