پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم سوشل میڈیا پر بیٹنگ کے بجائے اپنا موبائل فون گم ہوجانے کی وجہ سے موضوع بحث ہیں۔
بابر اعظم نے جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں اطلاع دی کہ اُن کا موبائل کھوگیا ہے۔
بابراعظم نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’میرا فون اور کونٹیکٹس کھو گئے ہیں۔ مجھے جیسے ہی فون ملے گا میں سب سے رابطہ کروں گا۔‘
اس پوسٹ کے جواب میں پنجاب پولیس سے منسوب ایک جعلی ایکس اکاؤںٹ نے پوسٹ کی کہ بابر اعظم کا فون چرانے والا چور پکڑا گیا ہے۔ یہ پوسٹ ایکس سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی وائرل ہوگئی ہے۔
میڈیا فیکٹ چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ پنجاب پولیس سے منسوب ایکس پر ایک جعلی اکاؤنٹ ہے اور سلاخوں کے پیچھے کھڑے جس شخص کی تصویر لگائی گئی ہے وہ یوٹیوبر اور اداکار اِفی رضا ہیں۔
اِفی رضا نے گزشتہ سال جولائی میں اپنی پوسٹ کے جواب میں انکشاف کیا تھا کہ اُن کی سلاخوں کے پیچھے کھڑے ہونیوالی تصویر کسی ڈرامے یا فلم کی شوٹنگ کی تصویر ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان کی یہی تصویر اب بابر اعظم کا موبائل فون چوری کرنے والے کے طور پر پیش کی جارہی ہے۔
دوسری جانب بابر اعظم کی پوسٹ کے جواب میں صارفین کے تبصرے بھی جاری ہیں۔
سلمان آصف اپنی پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ ٹیسٹ میں نمبر چار کی رینکنگ گم ہوگئی، ون ڈے میں تیسری پوزیشن گم ہوگئی، ٹی20 میں اوپننگ گم ہوگئی اور اب موبائل بھی گم ہوگیا۔
عروج جاوید نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ کتنا خوش نصیب ہوگا جس کو بابر کا موبائل ملا ہوگا۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ فون گم ہوجانا تو بڑی بات نہیں، بس اپنی خود اعتمادی نہ گم ہونے دیں، پاکستان آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔