وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اقتدار میں آگئے ہیں مگر بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان کا کچھ نہیں بنا۔
اپنے حالیہ بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کہتے ہیں ان کے 99 فیصد مطالبات پورے ہوگئے لیکن اگر ان کے مطالبات منظور ہوگئے ہیں تو پھر احتجاج کیسا؟۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے شور مچایا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ آئے گا تو بانی پی ٹی آئی باہر آجائے گا، ٹرمپ بھی آگیا لیکن بانی پی ٹی آئی کا کچھ نہیں بنا۔
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ جب مذاکرات میں سنجیدگی نہ ہوتو پھر یہی نتیجہ نکلتا ہے، پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ میں مذاکرات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، پی ٹی آئی والے صرف اپنے حامیوں کو دلاسے دے رہے ہیں۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ اگر پرامن جلسہ ہوتو ہمیں کوئی اعتراض نہیں لیکن پی ٹی آئی کا کوئی جلسہ یا احتجاج پرامن نہیں ہوتا۔