تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری کا افتتاح کردیا گیا، کراچی سے براستہ حیدرآباد، میرپور خاص اور پاک بھارت سرحدی علاقے تک جائے گی۔ وزیر سیاحت سندھ ذوالفقار علی شاہ کا کہنا ہے کہ ڈیزرٹ ٹرین سفاری حکومت سندھ کا اقدام ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ نہیں، ٹرین کے ذریعے سیاح تھر کے خوبصورت نظارے دیکھ سکیں گے۔
سندھ حکومت نے سیاحت کے فروغ کیلئے تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری کا آغاز کردیا، کراچی کینٹ اسٹیشن پر ٹرین کا افتتاح وزیر سیاحت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے کیا۔
تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری کراچی سے براستہ حیدرآباد اور میرپورخاص پاک بھارت سرحدی علاقے تک جائے گی، سفر کے دوران کیمپنگ، بون فائر، موسیقی اور مزے مزے کے کھانے بھی سیاحوں کو پیش کیے جائیں گے۔
محکمہ سیاحت سندھ کا کہنا ہے کہ تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری کی تمام ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں۔ محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری میں پانچ بوگیاں لگائی گئی ہیں، ٹرین میں ایک ڈائننگ بوگی اور بزنس کلاس بوگی بھی شامل ہے۔
وزیر سیاحت و ثقافت سندھ ذوالفقار علی شاہ نے کی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرین کا کوئی کرایہ کسی سے نہیں لیا گیا ہے، سیاح ٹرین کے ذریعے تھر کے خوبصورت نظارے دیکھ سکیں گے، کراچی والے جو گاؤں کی زندگی دیکھنا چاہتے ہیں ان کیلئے اچھا موقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چھور میں سیاحوں کیلئے بہترین انتظام کیا گیا ہے، ڈیزرٹ ٹرین سفاری حکومت سندھ کا اقدام ہے، اس میں کوئی پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ نہیں۔