وزیر اعظم شہباز شریف نے قذافی اسٹیڈیم لاہور کا تعمیراتی کام کے بعد افتتاح کردیا۔
قذافی اسٹیڈیم میں ایل ای ڈی لائٹس کے نئے ٹاورز اور تمام انکلوژرز میں نئی کرسیاں لگائی گئیں ہیں جبکہ دو جدید اسکرینز نصب کی گئی ہیں۔
اسٹیڈیم کی تعمیر نو کا کام 117 دنوں کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا۔
جمعہ کو چیپمئنز ٹرافی 2025 کی افتتاحی تقریب کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے قذافی اسٹیڈیم لاہور کا تعمیراتی کام کے بعد افتتاح کیا اور کہا کہ آج ہم سب کیلئے بڑی خوشی کا دن ہے، اسٹیڈیم کی تعمیر نو بہت ہی شاندار طریقے سے مکمل ہوئی۔
اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سب نے ایک ٹیم کے طور پر 117 دنوں میں ناممکن کام کو ممکن کر دکھایا۔
شہباز شریف نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی کی عادت ہے جو اچھے کام کرتے ہیں ان کو لندن کی سیر کراتے ہیں میں ان سے کہوں گا 2500 مزدوروں کو بھی لندن کی سیر کرائیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ شہباز اسپیڈ تو اب ماضی کی بات ہے، میں اب محسن اسپیڈ کی بات کرتا ہوں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈی جی ایف ڈبلیو او کی بہت تعریف سنی ہے کہ منصوبوں کو اچھے طریقے سے انجام دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی قومی کرکٹ ٹیم کی جیت کی منتظر ہے، انشاء اللہ ! اللہ تعالیٰ کھلاڑیوں کی مدد کریں گے اور ہم اُس وقت کا انتظار کریں گے جب قومی ٹیم بھارت کو شکست دے گی جبکہ انشاء اللہ! اللہ تعالیٰ چیمپئنز ٹرافی قومی ٹیم کی جھولی میں ڈالے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ دن رات کاوشوں کے بعد پاکستان میں معاشی استحکام آیا ہے، امید ہے ہمارے باؤلرز بھی بھارتی کھلاڑیوں کو ٹف ٹائم دیں گے۔
محسن نقوی کا خطاب
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کو ٹارگٹ کے مطابق چیمپئنزٹرافی سے قبل مکمل کیا اور 2500 مزدوروں نے منصوبے پر کام کیا جبکہ آج مزدوروں کے ساتھ ظہرانے کی تقریب تھی۔
چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ بہت سارے مزدور ایسے تھے جو 3،3 ماہ سے گھر نہیں گئے تھے۔
محسن نقوی نے کہا کہ مشکل وقت میں ایک بار پھر پاک فوج ہمارے کام آئی، منصوبے کی تکمیل میں پنجاب حکومت کا تعاون نہیں ہوتا تو اطراف میں کھنڈر نظرآتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 30 سال بعد پاکستان میں بڑا ٹورنامنٹ ہونے جا رہا ہے۔
کٹ کی رونمائی
چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کٹ کی رونمائی بھی کردی گئی۔
پاکستانی کرکٹرز نے گراؤنڈ میں چیمپیئنز ٹرافی کے حوالے سے تیار جرسی میں انٹری کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ نئے اسٹیڈیم کی تعمیر پر کرکٹ فینز کو مبارک ہو، دعا کریں کہ چیمپیئنزٹرافی پاکستان جیتے۔
سابق کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ لاہور میں فینز نے ہمیشہ سپورٹ کیا ہے۔