پاکستان اسپورٹس بورڈ ( پی ایس بی ) نے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر 8 ایتھلیٹس پر پابندیاں لگادیں جبکہ 5 مزید ایتھلیٹس کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
پی ایس بی کی جانب سے 2024 میں مجموعی طور پر 140 اینٹی ڈوپنگ ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 13 ایتھلیٹس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
پابندی کا سامنا کرنے والے 8 کھلاڑی مختلف کھیلوں سے تعلق رکھتے ہیں اور ان میں 5 ویٹ لفٹنگ، ایک باڈی بلڈنگ، ایک سائیکلنگ اور ایک کا تعلق ایتھلیٹکس سے ہے۔
ویٹ لفٹنگ میں فرقان احمد پر 2 سال، جمیل اختر اور محمد یوسف پر 3، 3 سال، جبکہ غلام حسین شاہد پر 4 سال کی پابندی عائد کی گئی ہے، ارسلان رؤف کو 3 سال کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔
سائیکلنگ میں نتالیہ خان اور ایتھلیٹکس کے اسپرنٹر انیس خان پر 3، 3 سال کی پابندی لگائی گئی ہے جبکہ تن ساز کاشف شاہ کو 4 سال کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔
شاٹ پٹ کی ایتھلیٹ ماہ نور ڈوگر اور مڈل ڈسٹنس رنر ربیلہ فاروق کے ڈوپ ٹیسٹ بھی مثبت آئے ہیں، جن کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
اسپرنٹر نوید انجم، ویٹ لفٹر ملک سبحان اور حماد علی کو بھی نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔