پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے ) نے صارفین کے زیراستعمال بڑی تعداد میں غیر رجسٹرڈ موبائل فون بلاک کردیئے۔
پی ٹی اے کی جانب سے تمام صارفین کو فوری موبائل فون ٹیکس ادائیگی کے ذریعے رجسٹرڈ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے اور ڈیوائس کی خریداری کے ضمن میں بھی صارفین کیلئے ہدایت نامہ جاری کردیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق موبائل فون خریدتے وقت یقینی بنائیں کہ تمام مطلوبہ ٹیکس ادا کئے جا چکے ہیں، تمام صارفین موبائل فون ٹیکس کی ادائیگی کا عمل مستند ذرائع سے یقینی بنائیں اور موبائل فون کا ڈی آئی آر بی ایس کے ذریعے رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے ۔
ہدایت نامے کے مطابق غیر رجسٹرڈ موبائل ڈیوائس کے 60 دن کے اندر تمام لاگو ٹیکس اور ڈیوٹیز ادا کرنا لازم ہیں، صارفین تمام مطلوبہ ٹیکس صرف مجاز بینکنگ چینلز کے ذریعے بذات خود جمع کرائیں۔
ٹیکس کی ادائیگی میں معاونت کا دعویٰ کرنے والے کے جھانسے میں ہرگز نہ آئیں، موبائل فون پر ٹیکس ایف بی آر کے مقررکردہ ہیں ، پی ٹی اے کا کردار صرف رجسٹریشن کرنا ہے۔