چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ میں تبدیلی پر چیئرمین پی سی بی نے واضح مؤقف بیان کردیا، کہا کہ سلیکشن کمیٹی اسکواڈ کو ریویو کررہی ہے، فہیم اشرف اور خوشدل شاہ کو نیک نیتی کی بنیاد پر اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے سلیکشن کمیٹی کی مشاورت جاری ہے۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی چیمپئنز ٹرافی کی اسکواڈ کو ریویو کررہی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی کو اختیار ہے کہ وہ چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ میں تبدیلی کرتی ہے یا نہیں، خوشدل شاہ اور فہیم اشرف کو نیک نیتی سے اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کے نئے فائیو اسٹار ہوٹل کی تزین و آرائش اگلے ایک سال میں مکمل کریں گے، نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو نئے طریقے سے ڈیزائن کریں گے، چیمپئنز ٹرافی کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی بلڈنگ کو گرا کر نئے اندازہ سے بنائیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ این سی اے کے ٹرینگ گراؤنڈ کو وسیع کریں گے، وی آئی پی باکسز کو 6 سال کیلئے رینٹ پر دیں گے، ہر باکس کی قیمت 10 کروڑ روپے رکھی جائے گی، 24 باکسز میں سے کچھ سیریز ٹو سیریز رینٹ کریں گے اور باقی کچھ مدت کیلئے رینٹ کریں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ آئی سی سی کے ساتھ میچ پاسز کی ڈیل طے پائی ہے، آئی سی سی سے طے شدہ رقم لیں گے، دبئی کیلئے ویزے کا مسئلہ حل ہوگیا ہے، جس کے پاس میچ کا کارڈ یا ٹکٹ ہوگی اس کو ویزا مل جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ 16 فروری کو چیمپئنز ٹرافی کی تقریب آئی سی سی کی آفیشل تقریب ہے، آئی سی سی نے تقریب میں مختلف ممالک کے لوگوں کو مدعو کیا ہے۔