وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے اجلاس میں ایک مؤثر اور خود مختار اینٹی کرپشن اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی گئی۔ اس مقصد کے لیےایک نیا ایکٹ متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت کرپشن کے خلاف اقدامات مزید سخت اور مؤثر ہوں گے۔
اجلاس میں میں ادارے کی تنظیم نو کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ موجودہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو ایک مؤثر اور خود مختار اتھارٹی میں تبدیل کرنے کے لیے نیا ایکٹ متعارف کرایا جائے گا۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مجوزہ اینٹی کرپشن فورس ایکٹ وائٹ کالر کرائم کے سدباب کے لیے ایک جامع قانون ہوگا، جس کے تحت کرپشن کے خلاف سخت کارروائی ممکن ہو سکے گی پبلک سروس کمیشن کے ذریعے میرٹ پر ماہرین کی بھرتی کی جائے گی تاکہ اینٹی کرپشن کا نظام مزید مضبوط ہو۔
اجلاس میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ نیا ایکٹ قومی اور بین الاقوامی سطح پر کرپشن کے خلاف جدید حکمت عملیوں کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے منشور کے مطابق صوبے میں اینٹی کرپشن کا نظام مضبوط اور مؤثر بنایا جا رہا ہے، اور حکومت کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔