سپریم کورٹ میں ایڈیشنل رجسٹرار توہین عدالت کیس کا فیصلہ کل سنایا جائےگا، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس عقیل عباسی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے فیصلہ جمعرات کو محفوظ کیا تھا۔
سپریم کورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرار نذر عباس نے ججز اختیارات کیس سے متعلق توہین عدالت کی کارروائی میں شوکاز نوٹس واپس لینے کی استدعا کر رکھی ہے، شوکاز کیخلاف ان کی انٹراکورٹ اپیل بھی کل ہی لارجر بینچ کے سامنے مقرر ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس عقیل عباسی نے بینچز اختیارات کیس میں فل کورٹ کی تشکیل پر بھی عدالتی معاونین اور فریقین کے وکلاء کے دلائل سنے تھے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے ایڈیشنل رجسڑار سپریم کورٹ نذرعباس کیخلاف توہین عدالت کیس پر انٹراکورٹ اپیل کیلئے قائم بینچ پر اعتراض اٹھایا، ججز کمیٹی کو خط میں مؤقف اپنایا کہ جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس محمد علی مظہر بینچ کا حصہ نہیں بن سکتے، اپنے اعتراضات کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی استدعا بھی کردی۔