خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کے 3 مختلف آپریشنز میں 30 خوارج جہنم واصل ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں خفیہ اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کی جس کے نتیجے میں 18 خوارج مارے گئے جبکہ 6 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز کی جانب سے دوسرا آپریشن ضلع کرک میں کیا گیا جس کے دوران 8 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ تیسرا آپریشن ضلع خیبر کے علاقے باغ میں کیا گیا جہاں 4 خوارج ہلاک ہوئے جبکہ ان میں کمانڈر عزیز الرحمان عرف قاری اسماعیل اور مخلص شامل تھے۔
باغ میں کارروائی کے دوران 2 خوارج زخمی بھی ہوئے۔
آپریشنز کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے اور تینوں علاقوں میں مزید خوارج کی موجودگی کے پیش نظر سینٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔
وزیر اعظم کا فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے کامیاب کاروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
اپنے خصوصی بیان میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کیساتھ کھڑی ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پُرعزم ہیں۔