اسلام آباد ہائیکورٹ میں العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں اپیل بحالی کی درخواستوں پر بینچ تشکیل دیدیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بینچ میں شامل ہوںگے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کا خصوصی بنچ درخواستوں پر سماعت کل کرے گانواز شریف کی اپیلیں بحال کرنے کی درخواستوں کو عدالت نے کل کے لئے مقرر کیا ہے۔
خیال رہے کہ جمعرات کو احتساب عدالت کی جانب سے توشہ خانہ کیس اور اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ ( ن ) کے قائد نواز شریف کی حفاظتی ضمانتیں منظور کی گئی تھیں۔ احتساب عدالت اور اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے قومی احتساب بیورو ( نیب ) کو نواز شریف کو وطن واپسی پر گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا گیاتھا۔
24 دسمبر 2018 کو العزیزیہ کیس میں سات سال قید کی سزا سنا دی گئی ۔نواز شریف کی العزیزیہ کیس میں سزاسپریم کورٹ نے طبی بنیادوں پر مارچ 2019 میں 6 ہفتے اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے طبی بنیادوں پر 29اکتوبر 2019کو آٹھ ہفتے کیلئے معطل کیا ۔نواز شریف 19 نومبر 2019 کو علاج کیلئے لندن گئے تو وہیں کے ہو کر رہے گئے۔
نواز شریف کی لندن سے واپسی نہ ہوئی اوراسلام آباد ہائیکورٹ نے عدم حاضری پر دونوں ریفرنسز میں 2 دسمبر 2020 کو اشتہاری قرار دے دیا ۔اسی عدالت نے 24 جون 2021 کوعدم پیروی پر ان کی اپیلیں بھی خارج کر دیں ۔فیصلے میں گنجائش رکھی گئی کہ نواز شریف جب بھی واپس آئیں۔اپنی اپیلیں درخواست دے کر بحال کروا سکتے ہیں۔