پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کمیشن نہ بنانے پر مذاکرات ختم کئے۔
پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کے ساتھ مختلف سیاسی معاملات پر ہونے والے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات ختم کرنے کا کہہ دیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے حکومت کی جانب سے کمیشن کا اعلان نہ ہونے پر مذاکرات ختم کئے، پی ٹی آئی کی مذاکرات کی خواہش تھی، حکومت کی طرف سے تعاون نہ کرنے پر مذاکرات ختم کئے۔
ان کا کہنا ہے کہ کمیشن کا اعلان نہ ہونے کی صورت میں مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے، 3 ججز پر مشتمل کمیشن بننے کی صورت میں مذاکرات کئے جاسکتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ہم آئین اور قانون کے تحت اپنی کوشش جاری رکھیں گے، بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر تمام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر جدوجہد کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی پہلے بھی کہہ چکے ہیں ہمیں کسی بیرونی مدد کا انتظار نہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ سیاسی اختلافات کی برف نہیں پگھلی، حکومت کو 7 روز کا وقت دیا تھا،کوئی کمیشن نہیں بنا، بانی پی ٹی آئی نے کہا اب کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔