محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیشگوئی کردی، سردی کی شدت میں اضافہ بھی متوقع ہے، بالائی علاقوں میں کہیں کہیں برفباری کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد، مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش کا امکان ہے، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ سمیت کئی علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔
میٹ آفس کا کہنا ہے کہ لاہور، شیخوپورہ، قصور،اوکاڑہ سمیت پنجاب کے کئی شہروں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، میانوالی، سرگودھا میں مطلع ابرآلود اور ہلکی بارش کا امکان ہے، خوشاب، گجرات اور سیالکوٹ میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق مری، گلیات میں موسم شدید سرد رہنے کے ساتھ ہلکی برفباری کی توقع ہے ہے، سکھر، شہید بینظیر آباد، شکارپور، کشمور، دادو، لاڑکانہ، خیرپور، ٹنڈوجام میں دھند کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے کم درجہ حرارت لیہہ میں منفی 9، اسلام آباد 4 اور لاہور میں 6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، کراچی میں درجہ حرارت 10، پشاور 7، کوئٹہ میں صفر رہا۔
میٹ آفس کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے کئی شہروں میں بارش کے باعث فلیش فلڈنگ کا امکان ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی، بارکھان 24، چمن17، پشین16، کوئٹہ13، نوکنڈی میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
چمن کے علاقے قلعہ عبداللہ، کان مہترزئی، مستونگ، لک پاس اور قلات میں
برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا، این ایچ ا ے کی جانب سے قومی شاہراہوں سے برف کی صفائی کا کام جاری ہے، پھسلن سے بچنے کیلئے قومی شاہراہوں پر نمک پاشی بھی کی جارہی ہے۔
دوسری جانب قلات اور گردونواح میں رات بھر سے وقفہ وقفہ کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، شدید سردی میں سوئی گیس مکمل بند ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے جبکہ بجلی کی 18 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
قلات میں سردی میں ایندھن نہ ملنے سے شہریوں کو شدید مشکلات ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر اور گرد و نواح میں اب تک 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔