بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر حملے میں ملوث مشتبہ شخص ’آکاش کانو جیا‘کو ممبئی پولیس کے جوہو پولیس اسٹیشن کے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر کی اطلاع پر چھتیس گڑھ کے ضلع درگ سے کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ایک مشتبہ شخص جنیشوری ایکسپریس ٹرین کے ذریعے سفر کر رہا ہے۔ مشتبہ شخص کی تصویر پولیس کے ساتھ شیئر کی گئی تھی، جس کے بعد درگ آر پی ایف پوسٹ پر اسے حراست میں لیا گیا۔ ممبئی پولیس کی ایک ٹیم آج رائے پور پہنچے گی تاکہ مشتبہ شخص کو اپنی تحویل میں لے سکے۔ یہ معلومات آر پی ایف ایس ای سی آر زون کے آئی جی، منور خورشید نے جاری کیں۔
بھارتی میڈیا کا کہناہے کہ ٹرین میں سفر کر رہے ایک عام شہری نے اس مشتبہ شخص کو پہنچایا جو کہ سیف علی خان پر ہونے والے حملے کے کیس میں مطلوب تھا ، اور فوری حکام کو تصویر بھیجتے ہوئے اطلاع کی ۔ اس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے درگ پولیس نے مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا، جس سے اس چونکا دینے والے واقعے کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ بدھ کی رات دیر گئے بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر اپنی بینڈرا کی رہائشگاہ میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران حملہ کیا گیا۔ ممبئی پولیس کے مطابق، رات تقریباً 2:30 بجے ایک نامعلوم شخص گھر میں داخل ہوا اور عملے کے ایک رکن سے جھگڑ پڑا۔ سیف علی خان نے معاملہ رفع دفع کرنے کی کوشش کی، لیکن حملہ آور نے انہیں چھ بار چاقو مار کر زخمی کر دیا۔سیف علی خان کو فوری طور پر لیلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی سرجری کی گئی۔
ڈاکٹروں کے مطابق، دو زخم شدید تھے، جن میں سے ایک ان کی ریڑھ کی ہڈی کے قریب تھا۔ اسپتال کے چیف آپریٹنگ آفیسر، ڈاکٹر نیرج اُتّمانی، نے بتایا کہ سیف کی حالت مستحکم ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔