بی سی سی آئی نے چیمپئنز ٹرافی 2025ء کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، روہت شرما کپتان ہوں گے، جسپریت بمراہ اور محمد شامی کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی 2025ء کا 19 فروری سے پاکستان میں آغاز ہورہا ہے، بھارت نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا جس کے باعث بھارتی ٹیم کے تمام میچز یو اے ای میں رکھے گئے ہیں۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، جس کی قیادت روہت شرما کریں گے، ٹیم میں محمد شامی کی واپسی ہوئی ہے جبکہ انجری کے باعث غیر یقینی صورتحال کے شکار جسپریت بمراہ کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ محمد سراج چیمپئنز ٹرافی ٹیم میں شامل نہیں ہوں گے۔
بھارتی ٹیم دبئی میں اپنے میچز کھیلے گی، جس کا آغاز 20 فروری کو بنگلہ دیش کیخلاف میچ سے ہوگا، دوسرے مقابلے میں رویتی حریف پاکستان اور بھارت ٹکرائیں گے جبکہ بھارتی ٹیم کا تیسرا میچ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔
بھارتی اسکواڈ میں ویرات کوہلی، کے ایل راہول، رویندرا جڈیجا جیسے سینئرز کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ نوجوان کھلاڑیوں یشسوی جیسوال اور ارشدیپ سنگھ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
بھارتی اسکواڈ میں کلدیپ یادیو مین اسپنر ہوں گے ان کے ساتھ اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ چیمپئنز ٹرافی 2017ء کے فائنل میں مہندرا سنگھ دھونی کی قیادت میں بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، گرین شرٹس کی قیادت سرفراز احمد کررہے تھے۔
بھارت کا 15 رکنی اسکواڈ
روہت شرما (کپتان)، شبمن گل (نائب کپتان)، ویرات کوہلی، شریاس ائیر، کے ایل راہول، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ، محمد شامی، ارشدیپ سنگھ، یشسوی جیسوال، رشب پنتھ، رویندرا جڈیجا۔