اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ 2 کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر رجسٹرار آفس کو اعتراضات دور کرنے ہدایت کردی۔
جمعرات کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ 2 کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ درخواستوں کی سماعت کی جبکہ درخواست گزاروں کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
عدالت نے اعتراضات پر استفسار کیا کہ کیا مسائل درپیش ہیں؟ جس پر سلمان صفدر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مصدقہ کاپیاں درخواست کے ساتھ منسلک نہ ہونے کا اعتراض کیا گیا تھا تاہم اب تمام ضروری کاپیاں فراہم کر دی گئی ہیں۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ٹرائل کورٹ ہفتے میں تین سماعتیں کر رہی ہے جو کہ غیرمنصفانہ ہے، عدالت کے اوقات کار کے علاوہ بھی ٹرائل کی سماعتیں جاری ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ کیس کو سردیوں میں ہی نمٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
عدالت نے اعتراضات پر ریمارکس دئیے کہ بشریٰ بی بی کے دستخط درخواست پر موجود نہیں ہیں انہیں مکمل کروایا جائے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ کیا آپ چاہتے ہیں کہ یہ عدالت ٹرائل کورٹ کو حکم دے کہ ایک دن سماعت کریں اور ایک دن نہ کریں ؟، جبکہ انہوں نے ہدایت کی کہ اعتراضات مکمل ہونے کے بعد کیس کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔
بعدازاں، عدالت نے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔