بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ نیب ریفرنس کا فیصلہ کل صبح سنایا جائے گا۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا پیر ( کل ) کی صبح 11 بجے اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ سنائیں گے اور اس حوالے سے عدالتی عملے کی جانب سے فریقین کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
وکیل خالد چوہدری نے ابھی اس حوالے بیان جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوگی اور ریفرنس کا فیصلہ کل صبح ساڑھے 10 بجے سنایا جائے گا۔
لازمی پڑھیں۔ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کو سزا ملنی ہی ملنی ہے، فیصل واوڈا
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر احتساب عدالت نے فیصلہ 18 دسمبر 2024 کو محفوظ کیا تھا اور فیصلہ سنانے کیلئے پہلے 23 دسمبر اور اس کے بعد 6 جنوری کی تاریخ مقرر کی تھی پھر تیسری 13 جنوری کی تاریخ دی گئی۔
ٹرائل
احتساب عدالت میں تقریباً سال بھر جاری رہنے والے ٹرائل کے دوران 3 ججز تبدیل ہوئے ، نیب نے 35 گواہان کے بیانات ریکارڈ کروائے جبکہ ملزمان پر فرد جرم 27 فروری 2024 کو عائد کی گئی۔
وکلائے صفائی نے سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال، سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان، سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سمیت تمام گواہان پر جرح کی ۔
تفتیشی افسر پر جرح 38 سماعتوں کے بعد مکمل ہوئی جبکہ ملزمان کو 342 کے بیانات مکمل کرنے کیلئے 15 مواقع ملے۔
ملزمان نے اپنے دفاع میں کوئی گواہ پیش نہیں کیا اور عدالت نے 16 گواہوں کو بطور عدالتی گواہ طلب کرنے سے متعلق ملزمان کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
ریفرنس
ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر الزام ہے کہ انہوں نے پی ٹی آئی دور میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کی جانب سے حکومت کو بھیجے گئے 50 ارب روپے کو قانونی حیثیت دینے کے عوض نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے اربوں روپے اور سیکڑوں کنال اراضی حاصل کی ۔
بانی پی ٹی آئی پر این سی اے کے ساتھ طے شدہ معاہدے سے متعلق حقائق چھپا کر کابینہ کو گمراہ کرنے کا بھی الزام ہے۔