سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان کو سزا ملنی ہی ملنی ہے، جرم کی سزا ہی ہوتی ہے ، پھولوں کا ہار یا معافی نہیں ہوتی۔
اتوار کے روز پریس کانفرنس کے دوران سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ’ عمران خان صاحب ٹرمپ کا انتظار اور ٹرمپ کارڈ کھیلنا چھوڑ دیں ، 20 جنوری سے پہلے تحریک انصاف کے لئے سرپرائز آئے گا ‘۔
فیصل واوڈا نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مقبول ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ آسمانی مخلوق ہیں، آپ نے ریاست کی تنصیبات کو آگ لگا دی اور آپ سمجھ رہے تھے کہ بدمعاشی کے ذریعے مسائل حل ہوں گے، پہلے بدمعاشی کی سیاست کر رہے تھے اور اب کشکول لے کر کھڑے ہو گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پورے خطے کے اندر پاکستان کا بہتر مستقبل ہے، بہت جلد عالمی طور پر ہوائیں پاکستان کے حق میں چلیں گی۔
انہوں نے ایک بار پھر سے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اپنے ہی لوگوں سے خطرہ ہے، ان کو اُنکی پارٹی کے لوگ جیل کے اندر مروانا چاہتے ہیں اور اندرون خانہ جیل میں رکھنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی کی جانب سے بیک ڈور مذاکرات کا پروپیگنڈا کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی کو سزا ملنی ہی ملنی ہے، ان کو کہا تھا کہ ایسے کام نہ کریں نیب کا کیس بن جائے گا، یہ چوری دن دیہاڑے ہوئی ہے، بندوق بانی پی ٹی آئی نے چلائی ہے وہ بری الذمہ نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے کہا کہ ڈرامہ تھا کہ پریشر ہے ، بین الاقوامی پریشر ہے ، یہ ڈرامہ ختم ہوگیا، مقبول ہونے کا یہ مقصد نہیں کہ آپ ہر چیز سے بالاتر ہیں، آپ نے غنڈہ گردی کر کے بھی دیکھ لی، آپ کو کہتا رہا کہ اپ انکے پیچھے نہ جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو کورٹس بری تھیں اب اچھی ہونے جا رہی ہیں اور جو فوج بری تھی وہ اچھی ہونے جا رہی ہے لیکن قوم بھی دیکھ رہی ہے اور سپورٹرز بھی دیکھ رہے ہیں جبکہ سپورٹرز بھی اب تھک چکے ہیں۔