انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لئے افغانستان کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا۔
افغان کرکٹ بورڈ کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لئے 15 رکنی اسکواڈ کا انتخاب کرلیا گیا ہے جس میں افغانستان کے ٹاپ آرڈر بلے باز ابراہیم زدران کی واپسی ہوئی ہے تاہم مجیب الرحمان انتخاب سے محروم رہے ہیں۔
افغان کرکٹ بورڈ کا بیان
افغانستان کرکٹ بورڈ ( اے سی بی ) کی سلیکشن کمیٹی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے افغانستان کی قومی ٹیم کے اسکواڈ کو حتمی شکل دے دی ہے جو اس سال پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں 19 فروری سے 09 مارچ تک کھیلی جانی ہے۔
ٹخنے کی انجری کے باعث ایکشن سے دور رہنے والے افغانستان کے ٹاپ آرڈر بلے باز ابراہیم زدران کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے تاہم مجیب الرحمان انتخاب سے محروم رہے اور اسپنر اے ایم غضنفر نے میگا ایونٹ کے لیے جگہ بنائی ہے۔
اسکواڈ میں صدیق اللہ اتل بھی شامل ہیں جنہوں نے حال ہی میں زمبابوے کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو میچوں میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری سمیت مجموعی طور پر 156 رنز بنا کر پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز حاصل کیا۔
اے سی بی کے چیئرمین میرویس اشرف نے کہا کہ افغانستان نے گزشتہ دو آئی سی سی ایونٹس، کرکٹ ورلڈ کپ 2023 اور ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ان دونوں ایونٹس میں ان کی شاندار کارکردگی کے ساتھ ساتھ گزشتہ سال ون ڈے سیریز کی فتح بلاشبہ ان کے حوصلے بلند کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا گذشتہ دو ایونٹس میں کوچز کی تقرری ہمارے لیے کافی فائدہ مند ثابت ہوئی ہے اور اس کامیابی کو دیکھتے ہوئے ہم نے یونس خان کو کنسٹلنٹ مقرر کیا ہے جن کے پاس وسیع بین الاقوامی اور مقامی تجربہ ہے اور ہم ایونٹ کے دوران ان کی مہارت کا بھرپور استعمال کرنے کے منتظر ہیں۔
اے سی بی کے عبوری چیف سلیکٹر احمد سلیمان خیل نے بتایا کہ مجیب الرحمان انتخاب کے لیے دستیاب نہیں تھے کیونکہ انہیں ان کے ڈاکٹر نے مشورہ دیا ہے کہ وہ ون ڈے میں واپسی سے قبل اپنی مکمل صحتیابی کو یقینی بنانے کے لیے تھوڑی دیر کے لیے صرف ٹی 20 پر توجہ دیں اور یہی وجہ تھی کہ وہ زمبابوے کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی ون ڈے سیریز میں شرکت سے محروم رہے۔
انہوں نے مزید کہا پاکستان کے حالات افغانستان اور متحدہ عرب امارات کے حالات جیسے ہیں جہاں ہم عام طور پر کھیلتے ہیں اور ہم بڑے ایونٹ کے لیے اپنے سفر کا آغاز کرنے سے پہلے متعدد مراحل میں ایک تیاری کیمپ کا انعقاد کریں گے، توقعات بہت زیادہ ہیں اور مجھے امید ہے کہ ٹیم اچھی تیاری کرے گی او بہترین پرفارمنس پیش کرے گی جیسا کہ اس نے گزشتہ دو ورلڈ کپ میں کیا تھا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے افغانستان کا 15 رکنی اسکواڈ:
حشمت اللہ شاہدی ( کپتان )، رحمت شاہ ( نائب کپتان )، رحمن اللہ گرباز ( وکٹ کیپر )، اکرام علی خیل ( وکٹ کیپر )، ابراہیم زدران، صدیق اللہ اتل، عظمت اللہ عمرزئی، محمد نبی، گلبدین نائب، راشد خان، اے ایم غضنفر، نور احمد، فضل حق۔ فاروقی، نوید زدران اور فرید احمد ملک۔