نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کیخلاف اقتصادی طاقت استعمال کرنے کی دھمکی دیدی، وہ کینیڈا کو امریکا میں ضم کرنے کے اپنے منصوبے پر عمل پیرا ہیں۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق منگل کو ڈونلڈ ٹرمپ نے فوجی طاقت کے استعمال سے متعلق سوال کا مختصر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’نہیں، اقتصادی طاقت‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا اور امریکا دونوں مل کر واقعی بہت کچھ ہونگے، آپ اس مصنوعی طور پر کھینچی گئی لکیر سے چھٹکارا پائیں گے اور آپ اس پر ایک نظر ڈالیں کہ یہ کیسا لگتا ہے اور یہ قومی سلامتی کیلئے بھی بہت بہتر ہوگا۔
خیال رہے کہ پیر کو ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے شمالی پڑوسی ملک کینیڈا کو امریکا کی 51ویں ریاست بنانے کی خواہش کو دہرایا تھا۔
نومنتخب 78 سالہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کو امریکا کی 51 ویں ریاست بنانے کا خیال اسی وقت سے پیش کرنا شروع کردیا تھا جب انہوں نے 5 نومبر کو اپنی انتخابی کامیابی کے بعد وزیراعظم ٹروڈو سے ملاقات کی تھی۔
ڈونلڈ ٹرمپ اپنی متعدد سوشل میڈیا پوسٹس میں اس خواہش کا برملا اظہار کرچکے ہیں۔
ٹرمپ نے اپنے ذاتی پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر پیر کو شیئر کی گئی پوسٹ میں لکھا کہ کینیڈا میں بہت سے لوگ 51ویں ریاست بننا پسند کرتے ہیں۔
امریکا مزید تجارتی خسارے اور سبسڈی برداشت نہیں کرسکتا جو کینیڈا کو چلتے رہنے کیلئے درکار ہے، جسٹن ٹروڈو کو اس کا علم تھا اور اسی وجہ سے انہوں نے استعفیٰ دیا۔
نو منتخب صدر نے مزید کہا کہ اگر کینیڈا امریکا میں ضم ہوجائے تو کوئی ٹیرف نہیں ہونگے، ٹیکس بہت کم ہوجائیں گے اور وہ روسی اور چینی جہازوں کے خطرے سے مکمل طور پر محفوظ ہونگے جو انہیں مستقل طور پر گھیرے ہوئے ہیں۔ (امریکہ اور کینیڈا) ساتھ مل کر یہ کتنا عظیم ملک ہوگا۔
کینیڈا کا ٹرمپ کی اس تجویز پر تاحال کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا۔