وزیر اعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلروں کو نشان عبرت بنانے کے لیے سخت قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کردی۔
پیر کے روز وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا عطا اللہ تارڑ، امیر مقام اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے جبکہ اجلاس میں وزیراعظم کو انسانی اسمگلنگ کے خلاف لیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا اور سہولت کاروں کے خلاف کارروائی اور قانون سازی کی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف اقدامات پر ایف آئی اے کی تعریف کی اور کہا کہ انسانی اسمگلروں کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں خوش آئند ہیں اور سہولت کاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کے بعد سخت تعزیری اقدامات بھی لیے جائیں۔
شہباز شریف نے ہدایات کیں کہ انسانی اسمگلروں کو نشان عبرت بنانے کے لیے سخت قانونی کارروائی کی جائے، اسمگلروں کی جائیدادوں اور اثاثوں کی فوری ضبطی کی کارروائی شروع کی جائے، مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے خلاف استغاثہ کو مزید مؤثر بنایا جائے اور استغاثہ کے لیے وزارت قانون کی مشاورت سے قابل وکلا تعینات کیے جائیں۔
انہوں نے دفتر خارجہ کو دیگر ممالک سے رابطے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک سے پاکستانی اسمگلروں کی حوالگی کے اقدامات تیز کئے جائیں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہوائی اڈوں پر بیرون ملک جانے والے افراد کی سکریننگ مزید مؤثر بنائی جائے۔