بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے ہاؤس اریسٹ کی پیشکش کی تھی۔
منگل کے روز اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو بنی گالہ ہاؤس اریسٹ کی آفر آئی تھی اور علی امین گنڈا پور یہ آفر لے کر آئے تھے۔
صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کیا واقعی بنی گالہ ہاؤس اریسٹ کی آفرعلی امین گنڈا پور لے کر آئے تھے؟ جس پر انہوں نے دوبارہ واضح کیا کہ ’ جی ہاں علی امین گنڈا پور ہی آفر لے کر آئے تھے ‘۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے صرف دو مطالبات سامنے رکھے ہیں اور وہ 2 سال سے کہہ رہے ہیں کہ 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنائیں، کیا ان کے مطالبات قابل قبول نہیں ؟ اور جوڈیشل کمیشن کسی سینئر جج کے نیچے بنائیں جو سب کو قابل قبول ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے اپنے لوگ کہہ رہے ہیں جو ہمیں آرڈر آئے گا وہی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ رول آف لاء اور جمہوریت کے اندر جوڈیشل کمیشن ہی بنتے ہیں، اس وقت ہمیں عدلیہ پر اعتماد کرنا ہے ان پر نہیں کریں گے تو کیا کریں ، کہہ کہہ کرتھک گئے جوڈیشل کمیشن بنائیں اور قیدیوں کو رہا کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی ڈیڑھ سال سے جیل میں ہیں اگر بیک ڈور ڈیل کرنا ہوتی تو وہ کر چکے ہوتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے دن سے ڈیل کی آفرز آرہی ہیں لیکن براہ راست کسی نے رابطہ نہیں کیا۔