چینی علاقے تبت میں 7.1 شدت کا زلزلہ آیا ہے جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں گر گئیں جبکہ 100 کے قریب افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
عالمی خبر ایجنسی کے مطابق آج صبح چین کے علاقے تبت، نیپال، بھارت کے شمال اور شمال مشرقی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
چین کے مقامی وقت کے مطابق زلزلہ صبح 9 بج کر 5 منٹ پر آیا۔ چین کے زلزلہ نیٹ ورک سینٹر کے مطابق چین میں اس کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی جس کی گہرائی 10 کلو میٹر بتائی جا رہی ہے۔
چینی نیوز ایجنسی کے مطابق تبت کی ٹنگری کاؤنٹی میں گاؤں میں گھروں کے گرنے سے شہریوں کے ہلاک و زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
چین کے سرکاری ٹی وی، سی سی ٹی وی نے اطلاع دی ہے کہ گزشتہ 5 سالوں میں شیگاتسے شہر کے قریب 29 چھوٹے زلزلے آئے۔ لیکن آج صبح آنے والا زلزلہ انتہائی شدت آمیز تھا۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلے کا مرکزنیپال کی سرحد کے قریب علاقہ ہے۔
دوسری جانب بھارتی ریاست بہار میں آنے والے زلزلے کی شدت 5.1 رہی۔ بھارتی مقامی وقت کے مطابق زلزلہ صبح 6 بج کر 40 منٹ پر آیا جس کی شدت سے 5 سیکنڈ تک عمارتیں لرزتی رہیں، تاحال کسی جانی اور مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔
بھارتی شہر دہلی، پٹنہ سمیت شمالی ہندوستان کے مختلف حصوں بشمول بہار اور شمالی ریاستوں کے دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ مغربی بنگال، آسام اور دیگر شمال مشرقی ریاستوں کے لوگوں نے بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے۔
نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں بھی شدید زلزلے کے جھٹکوں کے بعد رہائشی اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔