پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی ) لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی لاہور میں مختلف مذاہب کے رہنماؤں اور نمائندگان سے خصوصی ملاقات ہوئی ہے۔
مختلف مذاہب خصوصاً مسیحی، سکھ اور ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں اور نمائیندگان نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے خصوصی نشست کے اہتمام پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔
اقلیتی برادری کے نمائندگان کا کہنا تھا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم پاکستانی ہیں اور آجکی خصوصی نشست کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو سے ناصرف ہمارے حوصلے بلند ہوئے بلکہ تمام منفی شکوک و شبہات بھی دور ہوگئے۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ پاک فوج ہماری آن اور شان ہے اور پوری قوم سمیت مذہبی مکاتبِ فکر بھی اپنی افواج کے ہمراہ کھڑے تھے، کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جس طرح پاکستان بنانے میں تمام مذاہب کے ماننے والوں نے قربانیاں دی بلکل ویسے ہی اقلیتی برادری سمیت تمام مذہبی جماعتیں اُسی جذبے اور محب الوطنی سے سرشار ہوکر پاکستان کی خدمت کرتے رہیں گے۔