دس سال بعد 2024ء کا دسمبر خشک اور سرد ترین قرار، محکمہ موسمیات نے ماہانہ رپورٹ جاری کردی۔ چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق گزشتہ برس دسمبر میں بارشیں نہ ہونے سے شہریوں کو خشک موسم کا سامنا کرنا پڑا۔
دسمبر میں سرد اور خشک موسم کا دس سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 2024ء میں ملک بھر کیلئے دسمبر خشک ترین رہا، یکم سے 3 دسمبر کے دوران سردی کی پہلی لہر نے انٹری دی۔
رپورٹ کے مطابق سردی نے خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، بلوچستان، سندھ اور شمالی پنجاب پر اثر دکھایا لیکن شہریوں کو بارش دیکھنے کو نہ ملی۔
محکمہ موسمیات کی ماہانہ رپورٹ کے مطابق گوادر کیلئے 5 دسمبر 33.5 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ گرم ترین دن رہا، کراچی میں 4 دسمبر کو 20.8 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ گرم ترین رات ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق 12 دسمبر کو گلگت کے علاقے بگروٹ میں پارہ صفر ہونے سے سرد ترین دن رہا جبکہ 26 دسمبر کو اسکردو میں منفی 13.2 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی۔