وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اپنے بھتیجے زید حسین نواز کی شادی میں پہنے گئے سرخ لباس کی قیمت منظرِ عام پر آگئی۔
سوشل میڈیا پر مریم نواز کی ایک نئی تصویر زیرِ گردش ہے وائرل ہونے والی اس تصویر میں مریم نواز سرخ جوڑا پہنے نظر آئیں۔
مذکورہ تصویر انکے بھتیجے زید حسین نواز کی شادی کی تقریب کی ہے۔ جس میں انہوں نے سنہرے دھاگے اور نگوں کے کام والا سرخ لباس زیب تن کیا ہوا ہے، جبکہ اس جوڑے کے ساتھ موٹے بارڈر پر کرن لگا دوپٹا بھی تھا۔
مریم نواز نے اپنے بھتیجے زید حسین نواز کی شادی میں بھارتی ڈیزائنر سبیا ساچی کا تیار کردہ لباس زیب تن کیا، شائقین اس کی قیمت سے متعلق کافی تجسس کا شکار تھے جو اب منظر عام پر آچکی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مریم نواز کا جوڑا سبیاساچی کی نومبر میں جاری ہونے والی کلیکشن ’’ہیریٹیج برائیڈل‘‘ کا حصہ ہے جس کی قیمت 4 لاکھ 95 ہزار بھارتی روپے ہے۔
اگر اس قمیت کو پاکستانی کرنسی میں تبدیل کیا جائے تو کل قمیت 16 لاکھ 23 ہزار 609 روپے بنتی ہے۔
واضح رہے کہ نواز شریف کے پوتے اور حسین نواز کے بیٹے اور مریم نواز کے بھتیجے زید حسین نواز کا نکاح 25 دسمبر کو سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی دوست شیخ حبیب الرحمٰن کی صاحبزادی ایمن حبیب سے ہوا ہے۔
دوسری جانب مریم نواز کے زید حسین نواز کے نکاح کے بعد بارات پر پہنے گئے سوٹ کے بھی چرچے ہیں۔
زید حسین کی بارات پر سامنے آئی تصاویر میں مریم نواز کو پرپل کلر کے خوبصورت ٹراؤزر سوٹ میں گرین کلچ اٹھائے مسکراتے دیکھا جاسکتا ہے۔
مریم نواز نے اپنے بھتیجے زید حسین نواز کی بارات پر پاکستانی فیشن برانڈ میوز کا لباس زیب تن کیا، تفصیلات کے مطابق مریم نواز کے اس لباس کی قیمت 3 لاکھ 60 ہزار ہے۔
دوسری جانب مریم نواز کے ہمراہ ان کی صاحبزادی ماہ نور صفدر کی تصاویر بھی وائرل ہورہی ہیں، جنہوں نے اپنے کزن زید کی بارات کے موقع پر والدہ کی طرح فیشن برانڈ میوز کے ہی پنک جوڑے کا انتخاب کیا، جس کی قیمت 2 لاکھ 80 ہزار ہے۔