بھارت کے معروف اداکار منوج کمار طویل علالت کے بعد 87 سال کی عمر میں ممبئی میں انتقال کرگئے، آخری رسومات ادا کردی گئیں۔ انہوں نے دلیپ کمار، امیتابھ بچن، پاکستانی اداکار محمد علی سمیت دیگر لیجنڈ اداکاروں کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار منوج کمار ممبئی کے کوکیلا بین دھیرو بائی امبانی اسپتال میں داخل تھے، جہاں دل سے متعلق پیچیدگیوں کی وجہ سے جمعہ کی صبح ساڑھے 3 بجے ان کا انتقال ہوا، اسپتال کے مطابق اداکار کی موت کی ثانوی وجہ جگر کی خرابی ہے۔
رپورٹ کے مطابق منوج کمار کے بیٹے کنال گوسوامی نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے والد طویل عرصے سے علیل تھے، ان کی آخری رسومات ہفتہ کو ادا کی گئیں۔
بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر منوج کمار کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے منوج کمار کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ لیجنڈری اداکار اور فلمساز منوج کمار کے انتقال پر گہرا دکھ ہوا ہے، وہ ہندوستانی سنیما کے آئیکون تھے۔
منوج کمار کو بھارتی فلم انڈسٹری کیلئے خدمات پر 1992ء میں پدما شری، 1999ء میں فلم فیئر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ اور 2015ء میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
بھارتی اداکار منوج کمار 1937ء میں پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں پیدا ہوئے تھے، پاکستان کے لیجنڈ اداکار محمد علی نے بھی ان کے ساتھ ایک بھارتی فلم میں کام کیا تھا۔