قومی کرکٹ ٹیم کے سٹار بیٹر صائم ایوب اور وائٹ بال ٹیم کے نائب کپتان سلمان علی آغا کی ون ڈے رینکنگ میں ترقی ہوگئی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کی جانب سے ون ڈے بیٹرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق قومی اوپنر صائم ایوب کی 57 اور نائب کپتان سلمان علی آغا کی 28 درجے ترقی ہوئی ہے۔
نئی رینکنگ کے مطابق صائم ایوب 57 درجے ترقی کے بعد 24 ویں جبکہ سلمان علی آغا 28 درجے ترقی کے بعد 80 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ بھارتی کپتان روہت شرما دوسرے اور شبمن گل تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
نئی رینکنگ میں قومی وائٹ بال ٹیم کے کپتان محمد رضوان کی بھی 3 درجہ ترقی ہوئی اور وہ 21 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
ویرات کوہلی چوتھے، ہینرک کلاسن پانچویں، ہیری ٹیکٹر چھٹے، ڈیرل مچل ساتویں، شائی ہوپ آٹھویں، رحمان اللہ گرباز نویں اور نسانکا دسویں نمبر پر موجود ہیں۔