فن لینڈ کی ٹیلی کام کمپنی نوکیا نے اپنے اخراجات میں کمی کے لئے مزید ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق دنیا بھر میں اس وقت نوکیا کے 86 ہزار ملازمین ہیں جبکہ 2015 سے اب تک کمپنی ہزاروں ملازمتیں ختم کرچکی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کمپنی نے حال ہی میں ایک نیا منصوبہ بنایا ہے جس کے مطابق اخراجات کو کم کرنے کے لئے 2026 کے آخر تک 9 ہزار سے 14 ہزار تک ملازمتیں ختم کی جائیں گی۔
یہ منصوبہ جولائی اور ستمبر کے درمیان پروڈکٹس کی فروخت میں 20 فیصد کمی کے بعد تیار کیا گیا ہے۔
ٹیکنالوجی فرم نے کہا کہ یہ اقدام تین سال کی مدت میں 1.2 بلین یورو تک بچانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
نوکیا کے صدر اور چیف ایگزیکٹو پیکا لنڈ مارک نے کہا کہ سب سے مشکل کاروباری فیصلے وہ ہوتے ہیں جو ہمارے لوگوں پر اثر انداز ہوتے ہیں، ہمارے پاس انتہائی باصلاحیت ملازمین ہیں اور ہم متاثر ہونے والے ہر ملازم کی مدد کریں گے۔