یورپی یونین نے مختصر ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک اور میٹا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری لڑائی سے متعلق اپنے پلیٹ فارمز پر ڈس انفارمیشن کے ممکنہ پھیلاؤ بارے معلومات فراہم کریں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں فرموں کے پاس جواب دینے کے لیے ایک ہفتے کا وقت ہے اور اپنے نئے تکنیکی قوانین کے تحت اگر یورپی یونین کے حکام ان کے جوابات سے مطمئن نہ ہوئے تو وہ باضابطہ تحقیقات شروع کر سکتے ہیں۔
یورپی یونین کو تنازع کے دوران دہشت گردی اور پرتشدد مواد اور نفرت انگیز تقاریر کے ممکنہ پھیلاؤ پر تشویش ہے۔
ٹک ٹاک کے ترجمان نے کہا کہ ہم اپنی پہلی رپورٹ اگلے ہفتے شائع کریں گے جس میں یورپی کمیونٹی کو محفوظ رکھنے کے لیے اپنے جاری کام کے بارے میں معلومات شامل ہوں گی۔
میٹا کے ترجمان نے کہا کہ ہماری ٹیمیں ہمارے پلیٹ فارمز کو محفوظ رکھنے کے لیے 24 گھنٹے کام کر رہی ہیں اور ہماری پالیسیوں یا مقامی قانون کی خلاف ورزی کرنے والے مواد پر کارروائی بھی جاری ہے۔
لہذا، اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم کرنے میں ہمیں خوشی ہوگی۔
یورپی یونین کا ٹک ٹاک اور میٹا سے یہ مطالبہ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس سے رابطہ کرنے کے ایک ہفتے بعد سامنے آیا ہے جس میں ایکس کو بھی اس حوالے سے معلومات فراہم کرنے کا کہا گیا تھا۔
تاہم، ایکس حکام نے جواباً بتایا تھا کہ انہوں نے پلیٹ فارم سے حماس سے وابستہ سینکڑوں اکاؤنٹس کو ہٹا دیا ہے۔