پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے ) کی جانب سے ملک بھر میں 58 لاکھ سے زائد غیر فعال سمز کو بلاک کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق مالی سال 24-2023 کے دوران غیر قانونی سمز کیخلاف کریک ڈاؤن کیا گیا اور ڈیٹا کلینزینگ اقدامات کے تحت غیرفعال سمز کو بلاک کیا گیا جبکہ 58 لاکھ سے زیادہ غیر فعال سمز کو بلاک یا ری سائیکل کر دیا گیا۔
پی ٹی اے کی جانب سے موبائل فون صارفین کے ساتھ فراڈ کرنے والوں کیخلاف کارروائیاں بھی کی گئیں اور ایک سال میں دھوکادہی میں ملوث 5 ہزار 294 موبائل نمبرز بلاک کئے گئے، فراڈ اور دھوکا دہی میں ملوث 4 ہزار 507 آئی ای ایم آئی بلاک کی گئیں۔
گزشتہ مالی سال فراڈ میں ملوث 113 افراد کے شناختی کارڈ بلاک کئے گئے اور پی ٹی اے نے ایک سال میں 19 ہزار 730 موبائل نمبرز کو وارننگز جاری کیں۔