وزیراعظم محمد شہبازشریف نےیونان میں جزیرے کےقریب پاکستانیوں کےجاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو واقعےکی انکوائری کی رپورٹ جلد ازجلد پیش کرنےکی ہدایت کر دی،کہاکہ ایسےافرادکی شناخت کی جائے اوران کو سخت سزائیں دی جائیں تاکہ وہ ایسا قبیح فعل نہ دہرائیں،ایسے واقعات کےمستقبل میں تدارک کےلیےٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔
مزید کہا انسانی اسمگلنگ ایک اندوہناک جرم ہےجس کی وجہ سےکئی افراد کی جانیں جاتی ہیں،انسانی اسمگلنگ میں ہرسال کئی گھر اجڑجاتے ہیں،انسانی اسمگلرایساظالم مافیا ہےجو غریب عوام کوجھوٹے، سنہری خواب دکھا کران سےپیسے بٹورتا ہے۔
دوسری جانب محسن نقوی نےغیرقانونی طور پر یورپ جانے والے پاکستانیوں کی کشتی حادثے میں اموات کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔
یونانی کوسٹ گارڈ کےمطابق بحیرہ روم میں جنوبی جزیرے گیوڈوس کے قریب کشتی الٹنے کے واقعے میں 39 تارکین وطن کو بچا لیا گیا جبکہ حادثے میں 40 افراد لاپتہ ہوگئے۔ یونانی کوسٹ گارڈ کے مطابق بچنے والے افراد میں زیادہ تر کا تعلق پاکستان سے ہے