وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں جمعرات سے اسکولز کھل جائیں گے اور موبائل سروس صبح تک بحال کر دی جائیگی۔
منگل کی رات گئے پی ٹی آئی مظاہرین کے خلاف آپریشن مکمل ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی سڑکوں کو بحال کرنا ترجیح ہے، جمعرات سے اسکول کھل جائیں گے اور موبائل سروس بھی آج صبح تک بحال کردی جائے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے کہتا ہوں اب بس کریں ، کب تک ایسا کریں گے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی ابھی تک فرار ہیں، افغان باشندوں کے حوالے سے فیصلہ کر لیا گیا ہے اور جلد فیصلے سےآگاہ کیا جائے گا، دھونس دھمکی کے ساتھ کبھی مذاکرات نہیں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پورے اسلام آباد کو صبح تک مکمل کلیئر کردیں گے،فساد میں جو بھی ملوث ہے سب کیخلاف ایف آئی آر ہوگی، ایک دو نہیں ، پی ٹی آئی کے ہزاروں کارکن بھاگے ہیں۔
محسن نقوی نے اسلام آباد میں صورتحال کو کنٹرول کرنے پر پولیس اور رینجرز کے جوانوں کا شکریہ ادا کیا۔