وزارت پیٹرولیم نے پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی میں خلل پر نوٹس لے لیا ہے۔
ترجمان کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن نے مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ پیٹرول و ڈیزل کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے احتجاج کے باعث پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر راستوں کی بندش سے پیٹرول پمپوں کو سپلائی معطل ہے اور کچھ پمپوں پر پیٹرول کا ذخیرہ ختم ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں اتنا اثر نہیں ہو رہا مگر پنجاب اور کے پی میں ٹینکر نہیں پہنچ پا رہے، اطلاعات ہیں کہ راستے بند ہونے سے کٸی گاڑیاں بند ہوچکی ہیں اور بڑی پریشانی کا عالم ہے، جہاں بھی پیٹرول ملتا ہے لوگ لے لیتے تھے مگر ابھی تو راستے بند ہونے سے لوگ لینے کے بھی قابل نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ راستوں کی بندش سے پنجاب کے مختلف اضاع میں پیٹرول قلت ہوسکتی ہے۔ حکومت فوری طور پر بلا تعطل فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائے ۔
خیال رہے کہ متعدد شہروں میں پٹرول کی قلت ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے،متعدد پمپس پر بیریئرز لگا کر سیل بند کردی گئی۔ بیشتر پٹرول پمپس پر تھوڑی مقدار میں پٹرول دیا جا رہا ہے،پٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہے پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں احتجاج کے پیش نظر 3دن سے ضلع کے داخلی خارجی راستے بند ہیں۔ روڈ بند ہونے کی وجہ سے پٹرول کی ترسیل نہیں ہورہی،ہمارے پاس سٹاک ختم ہو گیاہے اس لئے سیل بند کی ہے۔