انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر بورڈ میٹنگ 29 نومبر کو طلب کر لی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے بورڈ میٹنگ 29 نومبر کو ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے اور اس حوالے سے متعلقہ کرکٹ بورڈ کو آگاہ بھی کر دیاہے ، بورڈ میٹنگ ورچوئل ہو گی جس کا ایجنڈا چیمپئنز ٹرافی ہو گا۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں چیمپئینز ٹرافی کے مستقبل اور بھارت کا پاکستان نہ آنے سے متعلق بھی بات ہوگی۔ میٹنگ میں بھارت کے پاکستان نہ آنے پر کیا اقدامات ہونگے اس حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت ہو گی ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں سخت موقف اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، پاکستان آئی سی سی سے بھارت نہ آنے کا جواب مانگے گا، بھارت نے تاحال آئی سی سی کو تحریری جواب جمع نہیں کروایا۔
یاد رہے کہ بھارت کے انکار اور پاکستان کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل قبول کرنے سے انکار کے باعث چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول تاخیر کا شکار ہو گیاہے جس سے براڈ کاسٹرز بھی کافی پریشان دکھائی دے رہے ہیں ۔