وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) نے خیبر پختونخوا میں تین ماہ کے دوران مختلف کارروائیوں کے نتیجے میں حوالہ ہنڈی اور کرنسی اسمگلنگ میں ملوث 127 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق خیبرپختونخوا زون کی حوالہ ہنڈی اور کرنسی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں جبکہ تین ماہ کے دوران 109 مقدمات درج کر کے 127 ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران 77 کروڑ مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کی گئی جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
— Federal Investigation Agency - FIA (@FIA_Agency) September 10, 2023
گرفتار ملزمان متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب و دیگر ممالک سے حوالہ ہنڈی نیٹ ورکس چلاتے تھے اور ان کی گرفتاری کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت بھی حاصل کی گئی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزمان سے متعدد رسیدیں، موبائل فونز اور لائسنس ایکسچینج برآمد کئے گئے جبکہ انکے زیر استعمال دکانیں اور دفاتر کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔