وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بشریٰ باجی قوم کو جاگنے کا کہہ کر خود سو گئیں۔
اتوار کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ آج فائنل کال ڈے ، فساد ڈے، جہاد ڈے ، مرو مارو ڈے ہے، ہمیں یہ ڈر ہے کہ کہیں انقلاب رستے میں ہی نہ رہ جائے، پی ٹی آئی والوں کو تماشہ لگانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ فیصلہ کرلیں اپنے بیچ میں پی ٹی آئی اور کالعدم ٹی ٹی پی سمیت دہشت گردوں کوجگہ نہیں دینی۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ لاہور میں سکون ہے، کے پی سے آنے والے دہشت گرد تماشہ لگائیں گے، پنجاب کے عوام نہیں نکلیں گے کیوں کہ وہ فتنہ فساد کی سیاست میں شامل نہیں ہونا چاہتے ، کے پی کے کا چیف منسٹر کون ہوگا اگر انہوں نے دھرنا دے دیا، انہوں نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک نہیں جائیں گے، انہیں کہتے ہیں کہ ضرور دھرنا دیجیئے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ جو سخت اقدامات کرنے پڑ رہے ہیں وہ سکیورٹی تھرٹ الرٹ کی وجہ سے کیے جا رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ جب بھی انقلاب کے لیے نکلے انہوں نے لوٹ مار کی، انکا مقصد پاکستان میں آگ لگا کر رکھنا ہے، آج بھی آدھے لیڈران و پی ٹی آئی اراکین ورک فرام ہوم کریں گے، آج یہ پنجاب سے ایک ہزار بندہ بھی نہیں نکال سکے۔