چیمپئنز ٹرافی 2025 کے معاملے پر پاکستان کے سخت موقف نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لئے ہائبرڈ ماڈل کو قبول نہ کرنے کے موقف پر سختی سے قائم ہے اور پاک، بھارت ڈیڈ لاک کی وجہ سے چیمپئِنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان بھی تاحال نہیں کیا گیا ہے جس کے باعث آئی سی سی کی پریشانی بڑھ گئی ہے۔
آئی سی سی کو ایونٹ سے 90 روز پہلے ہر صورت میں شیڈول کا اعلان کرنا ہے جبکہ 100 ڈیز ٹو گو کے موقع پر شیڈول کا اعلان کرنے کا پروگرام بنایا گیا تھا جو کہ حالیہ ڈیڈ لاک کی وجہ سے نہیں کیا جاسکا۔
ذرائع کے مطابق 20 نومبر تک اعلان نہ کرنے کی صورت میں آئی سی سی کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کمرشل پارٹنرز کو ایونٹ سے قبل کم از کم اتنا وقت درکار ہوتا ہے اور کمرشل پارٹنر کو شیڈول کے مطابق اپنی مارکیٹنگ کرنا ہوتی ہے۔
مالی معاملات میں نقصان کے اندیشے کی وجہ سے آئی سی سی میں بحرانی صورتحال سے دوچار ہے۔
آئی سی سی کے لئے پاکستان اور انڈیا کے بغیر ٹورنامنٹ کا انعقاد کرنا ممکن نہیں اس سے شدید مالی نقصان ہو گا اور پاکستان سے اگر ایونٹ شفٹ کیا گیا تو پاکستان قانونی چارہ جوئی کا حق استعمال کرے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے اس حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا موقف پہنچا دیا ہے۔