ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں کرسمس اور یوم ولادت قائد اعظم کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر وزیر اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور چیئرپرسن وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس رانا منان خان نے ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں کرسمس اور یوم ولادت قائد اعظم کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر بھی موجود تھے۔
تقریب میں کرسمس کا کیک کاٹا گیا اور مٹھائی تقسیم کی گئی جبکہ مسیحی اسیران کو سپیشل ڈائٹ مینو کے مطابق ناشتے میں سویاں ، دوپہر کے کھانے میں چکن کری اور شام کے کھانے میں چکن پلاؤ اور چکن کری فراہم کی گئی ہے۔
یوم ولادت قائد اعظم کے حوالے اسیران پر مشتمل ٹیموں کے مابین کھیلوں کے مقابلے کروائے گئے ہیں اور جیتنے والوں ٹیموں کو انعامات سے نوازا گیا ہے۔
مخیر حضرات کے تعاون سے تمام اسیران میں آئس کریم تقسیم کی گئی ۔
تقریب کے اختتام پر بین المذاھب ہم آہنگی اور ملکی سلامتی کیلئے دعائیں بھی کی گئیں ۔
اس موقع پر تزئین و آرائش کے بعد اسیران کے کچن کا بھی افتتاح کیا گیا اور سپرٹینڈنٹ جیل ظہیر ورک کی جانب سے کئے گئے باربر شاپ ، موٹر سائیکل ورکشاپ اور دستکاری جیسے تربیتی و فلاحی اقدامات پر انکی کاوشوں کو سراہا گیا۔